حیدرآباد،یکم ؍ جون (پریس نوٹ) پروفیسر احتشام احمد خان‘ ڈین‘ اسکول آف ماس
کمیونکیشن اینڈ جرنلزم نے بتایا کہ اس سال ایم اے ایم سی جے میں داخلے کے
لیے انٹرنس ٹسٹ کا لزوم ختم کردیا گیا ہے اور اس جگہ میرٹ کی بنیاد پر
داخلہ دیا جائے گا۔ اس سسٹم کے تحت فارم داخل کرنے کی آخری تاریخ 2؍ جولائی
2015 کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ بڑی تعداد میں ایم سی جے کامیاب طلبہ ملازمتوں سے منسلک ہوچکے
ہیں۔ شعبہ کے فارغ التحصیل طلبہ نہ صرف اردو کے صحافتی ادارے بلکہ دیگر
زبانوں میں کام کرنے والے ادارہ جات میں بھی اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
پروفیسر خان کے مطابق یہ شعبہ بتدریج ترقی کررہا ہے۔ اس شعبہ کا قیام 2004ء
میں عمل میں آیا اور یہ جلد ہی اپنی ایک پہچان بنانے کے سفر پر گامزن
ہوگیا۔ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا میں طلباء کی تربیت کے لیے شعبے میں جدید
ترین
انفراسٹرکچر فراہم کیا گیا ہے۔ طلبا کو ویڈیو اسٹوڈیو‘آڈیو اسٹوڈیو‘
اسوسئیٹیڈ کنٹرول روم اور ایک جامع پوسٹ پروڈکشن سہولت سے آراستہ آڈیو و
ویڈیو سوٹس‘ ٹیلی پرامپٹر‘ کمپیوٹر گرافکس اور اینی میشن کی سہولیات فراہم
کی گئی ہیں۔ شعبے میں عصری سافٹ ویئر سے لیس ہائی اینڈ گرافکس ورک اسٹیشن
دستیاب کروائے گئے ہیں تاکہ (2D) اور (3D) اینی میشن اور گرافکس لیاب میں
استعمال کیے جاسکیں۔ شعبے سے ایک لیاب جرنل ’’اظہار‘‘ کی اشاعت بھی عمل میں
آتی ہے۔ جس کی طباعت کے لیے (14) عصری کمپیوٹرس نصب ہیں۔ یہ اخبار طلباء
کی جانب سے شائع کیا جاتا ہے۔
ایس سی/ ایس ٹی اور دیگر پسماندہ طبقات کیلئے تحفظات حکومت ہند کے اُصول
وضوابط کے مطابق ہوں گے۔ حسب گنجائش، لڑکوں اور لڑکیوں کو ہاسٹل کی سہولت
مہیا کی جائے گی۔ مزید تفصیلات یونیورسٹی ویب سائٹ سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔